پاکستانی وفاقی وزیر توانائی ڈویژن کا 60فیصد سے زائد فیڈرز پر لوڈشیڈنگ خاتمے کا اعلان
اسلام آباد (آئی این پی ) پاکستانی وفاقی وزیر توانائی ڈویژن نے اعلان کیا ہے کہ لوڈشیڈنگ سے پاک پاکستان کے پہلے مرحلے میں پانچ ہزار دو سو ستانوے فیڈرز پر لوڈشیڈنگ نہیں ہو گی۔توانائی ڈویژن کے وزیر سردار اویس احمد خان لغاری نے گزشتہ روز اسلام آباد میں ایک نیوز بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آٹھ ہزار چھ سو فیڈرز میں سے صرف دو سو چھتیس ایسے ہیں جن پر لوڈشیڈنگ نہیں ہو رہی ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ جن فیڈرز پر لوڈشیڈنگ نہیں ہو رہی ان میں لیسکوکے 1227، گیپکوکے 748، فیسکوکے 896، آئیسکوکے 710، میپکوکے 763، پیسکوکے 309، حیسکوکے 204، کوئیسکوکے 61 اور قبائلی علاقوں کے 29 فیڈرز شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن فیڈرز پر دس فیصد سے کم بجلی ضائع ہو رہی ہے۔ ان پر لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی۔وزیر نے کہا کہ ان فیڈرز پر بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لئے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کی نگرانی یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں سولہ ہزار چار سو ستتر میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ستائیس سو میگاواٹ بجلی موجود ہے۔انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ بجلی چوری پر قابو پانے کے لئے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سے تعاون کریں تاکہ بجلی کی لوڈشیڈنگ پر قابو پایا جا سکے۔ایک سوال پر اویس خان لغاری نے کہا کہ زائد بل لینے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ہی ملک سے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے اپنے انتخابی وعدے پورے کرنے کے لئے پرعزم ہے۔انہوں نے صارفین میں بجلی کی مساوی تقسیم یقینی بنانے کیلئے شہری اور دیہی تقسیم ختم کرنے کا بھی اعلان کیا۔