پاکستان میں غیرملکی تاجروں کیلئے تجارت ، سرمایہ کاری کے شاندارمواقع موجودہیں، پاکستانی وزیر اعظم شاہدخاقان عباسی
اسلام آباد (آ ئی این پی ) پاکستانی وزیر اعظم شاہدخاقان عباسی نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے کی کامیاب کوششوں کے بعد پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں ۔اسلام آباد میں لندن کے میئر صادق خان سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان خصوصا تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبے میں برطانیہ کے ساتھ اپنے قریبی اور تعاون پر مبنی تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ۔انہوں نے صادق خان کو بتایا کہ ہر پاکستانی ان کے لندن کے میئر کی حیثیت سے انتخاب پر فخر محسوس کر تا ہے اور ا ن کی کامیابی کیلئے دعا گو ہے ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صادق خان نے کہاکہ وہ مختلف شعبوں خصوصا بنیادی ڈھانچے ، ٹیکنالوجی اور توانائی کے شعبے میں حکومت پاکستان کی شاندار کامیابیوں سے انتہائی متاثر ہیں ۔انہوں نے وزیر اعظم کو یقین دلایا کہ وہ لندن اورپاکستان کے درمیان قریبی روابط کو فروغ دینے کیلئے کام کریںگے ۔ادھر جمہوریہ ازبکستان کے سفیر فرقت صدیقوف سے باتیں کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کومزید مضبوط بنانے کا خواہشمند ہے جن میں تجارت اور سرمایہ کاری کو خصوصی اہمیت حاصل ہے ۔سفیر صدیقوف نے وزیر اعظم کوازبکستان کے صدر کی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور انہیں دونوں ملکوں کے درمیان جاری اقتصادی تعاون میں پیشرفت سے آگاہ کیا ۔ملاقات کے دور ان دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ کی ضرورت پر اتفاق کیا تاکہ دونوں ملکوں کے حقیقی اقتصادی مواقع سے فائدہ اٹھایا جاسکے ۔