اسلام آبا میں سی پیک کے طویل المیعاد منصوبے کی افتتاحی تقریب کا انعقاد
اسلام آبا میں سی پیک کے طویل المیعاد منصوبے کی افتتاحی تقریب کا انعقاد
سی پیک کے طویل المیعاد منصوبے کی افتتاحی تقریب اٹھارہ تاریخ کو اسلام آبا د میں منعقد ہوئی۔پاکستان کے وزیر داخلہ ، منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال اور چینی سفیر یاو جن سمیت تین سو سے زائد شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔
احسن اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک دونوں ملکوں کے چاروں موسموں کے تزویراتی تعاون کا مظہر ہے۔سی پیک کی وجہ سے پاکستان تیز رفتار ترقی کے راستے پر گامزن ہے ۔سی پیک کے طویل المیعاد منصوبے میں چینی حکومت کے پیش کردہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشیئٹیو اور پاکستان کی دو ہزار پچیس تک ترقیاتی منصوبہ بندی کو منسلک کیاگیا ہے اور مستقبل میں سی پیک کی تعمیر کے لئے رہنما حکمت عملی طے کی گئی ہے۔
چینی سفیر یاو جن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چینی کمیونسٹ پارٹی کی انیسویں قومی کانگریس میں ترقی کے نئے تصورات پیش کئے گئے ہیں اور باہمی احترام، مساویانہ تعاون کی بنیاد پر نئے بین الاقوامی تعلقات اور بنی نوع انسان کے ہم نصیب معاشرے کا تصور پیش کیا گیا ۔چین سی پیک کے ذریعے پاکستان کے ساتھ ہمہ گیر تعاون کی شراکت داری کو فروغ دینا چاہتا ہے تاکہ چین پاک دوستی دونوں ملکوں کے عوام کو ٹھوس مفادات دلا سکے۔