جاپانی وزیر خارجہ کا دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف

2018-01-05 15:08:45
شیئر
شیئر Close
Messenger Messenger Pinterest LinkedIn

اسلام آباد (آئی این پی ) جاپان کے وزیرخارجہ  تارو کونونے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور خدمات کو سراہا ہے۔اس بات کا اظہار انہوں نے  گزشتہ رو ز  اسلام آباد میں وزیرخارجہ خواجہ محمد آصف  سے  ملاقات میں کیا ۔جاپان کے وزیرخارجہ نے انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خلاف جنگ مین مربوط اور بین الاقوامی کوششیں کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر وزیرخارجہ خواجہ آصف نے ایک پر امن مستحکم اور محفوظ افغانستان اور افغانستان کی زیر قیادت مفاہمتی عمل کی حمایت کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے افغانستان میں تبدیلی کے مرحلے کے دوران بین الاقوامی برادری سے پائیدار عزم کی ضرورت پر بھی زور دیا اور اس سلسلے میں ملکر مسلسل کام کرنے پر اتفاق کیا۔خواجہ آصف نے جاپان کے وزیرخارجہ کو چین پاکستان اقتصادی راہداری کے زریعے علاقائی رابطوں اور ترقی کے فروغ کیلئے پاکستان کی کوششوں سے متعلق آگاہ کیا۔انہوں نے جاپان کے وزیرخارجہ کو پاکستان کی جانب سے دہشتگردی کے خاتمے کی کوششوں کے بارے میں بھی بتایا جس میں تمام دہشتگردوں کو بلاامتیاز نشانہ بنایا جارہا ہے۔انہوں نے پاکستان کی جانب سے مسلسل کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔جاپان کے وفد کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کی جانب سے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور نیوکلر سپلائرز گروپ کی رکنیت کیلئے پاکستان کی اسناد سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔فریقین نے اپنے متعلقہ علاقوں میں امن اور سلامتی کا ماحول پیدا کرنے اور باہمی دلچسپی کے بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔2017میں پاکستان اور جاپان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 65سال مکمل ہونے پر دونوں وزرا نے اطمینان ظاہر کیا کہ دوطرفہ تعلقات مثبت سمت پر گامزن ہیں۔دونوں وزرا نے گزشتہ سال کئی امور پر متعدد بار تفصیلی اداراجاتی مذاکراتی عمل کے کامیاب انعقاد پر اطمینان ظاہر کیا جس سے خصوصا اقتصادی شعبے میں جاپان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی شراکت داری کی واضح عکاسی ہوتی ہے۔انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان اعلی سطح کے وفود کے تبادلے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

شیئر

Related stories