امریکی صدر کے الزامات گمراہ کن ہیں،پاکستان اپنی سرزمین پر دہشتگردی کیخلاف جنگ جیت چکا، وزیراعظم
اسلام آباد(آئی این پی ) پاکستانی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کررہا ہے، اپنی سرزمین پر یہ جنگ جیت چکا ہے، پاکستان ایک خود مختار ملک ہے ،امریکی صدر کے الزامات گمراہ کن ہیں، ہم دہشت گردی کے خلاف دنیا کی جنگ اپنے وسائل سے لڑ رہے ہیں،پاکستانی معیشت کو 120 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔برطانوی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے ہزاروں جانوں کی قربانیاں دی ہیں، پاکستان اپنی سرزمین پر دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت چکا ہے۔امریکا کی جانب سے سیکیورٹی تعاون کی مد میں پاکستان کی 2 ارب ڈالر تک کی امداد روکنے کے حوالے سے رپورٹس پر اظہار خیال کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اس حوالے سے رپورٹس حیران کن ہیں کیوں کہ پاکستان کو سول و ملٹری امداد کی مد میں مجموعی طور پر جو رقم ملی وہ تو اس رقم کا بہت ہی معمولی حصہ ہے۔ انہوں نے کہا امریکا نے سول اور ملٹری امداد کے نام پر اب تک جو رقم دی وہ نہ ہونے کے برابر تھی، پچھلے پانچ برسوں میں سالانہ تقریبا ایک کروڑ ڈالر کی امریکی امداد ملی جو بہت ہی کم اور غیر اہم رقم ہے۔