سی پیک منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے اور چین کیساتھ مشاورت سے مستقبل کے منصوبوں کیلئے طریقہ کار وضع کیا جائے تاکہ ان پر بروقت عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ہدایت

2018-01-13 19:15:10
شیئر
شیئر Close
Messenger Messenger Pinterest LinkedIn

اسلام آباد(آئی این پی )  وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے  کہا ہے کہ   سی پیک منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کے ساتھ ساتھ چین کے ساتھ مشاورت سے مستقبل کے منصوبوں کیلئے بھی طریقہ کار وضع کیا جائے تاکہ ان پر بروقت عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔ تفصیلات  کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وزیراعظم آفس میں چین پاکستان اقتصادی راہداری سے متعلق کابینہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں توانائی کے شعبے، ایم ون پراجیکٹ، کراچی سرکلر ریلوے سمیت سڑکوں اور ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور ملک کے مختلف علاقوں میں خصوصی اقتصادی زونز کے قیام سے متعلق چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت مختلف منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں 21 نومبر 2017کو اسلام آباد میں ہونے والے مشترکہ تعاون کمیٹی کے ساتویں اجلاس کے تناظر میں چین سے اعلی سطحی وفد کے دورے کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری پاور ڈویژن نے اجلاس کو گوادر میں 300 میگا واٹ کے منصوبے سمیت بجلی کے شعبے کے مختلف منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ گوادر کا بجلی کا منصوبہ گوادر اور ارد گرد کے علاقوں کی بجلی کی ضرورت پوری کرنے کیلئے لگایا جا رہا ہے۔ اجلاس کو مختلف پیداواری منصوبوں سے بجلی کے حصول کیلئے ٹرانسمیشن لائنوں کے قیام سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔ چیئرمین این ایچ اے نے اجلاس کو رائے کوٹ، تھاکوٹ روڈ، خضدار، بسیمہ روڈ، ڈیرہ اسماعیل خان، ژوب روڈ کو بہتر بنانے اور دیگر منصوبوں سمیت سڑکوں کے مختلف منصوبوں پر پیشرفت کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ جاری منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کے ساتھ ساتھ چین کے ساتھ مشاورت سے مستقبل کے منصوبوں کیلئے بھی طریقہ کار وضع کیا جائے تاکہ ان پر بروقت عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔


شیئر

Related stories