پاکستان ممالک کے درمیان رابطے کے فروغ کیلئے کام کررہا ہے،پاکستانی وزیراعظم
2018-01-26 15:28:17
ڈیوئو س(آئی این پی )پاکستانی وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر ملاقاتوں سے پاکستان میں اربوں ڈالر کے کاروباری مواقع پیدا کر نے میں مدد ملے گی ۔ گزشتہ روزڈیووس میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ پاکستان نے عالمی اقتصادی فورم کے دور ان کاروباری رہنمائوں ٹیلی کام کمپنیوں کے سربراہان آٹو موٹیو ٹیکنالوجی اور صحت کے شعبوں میں مذاکرات کئے ہیں ۔شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ پاکستان امریکہ کے ساتھ مستحکم تعلقات کا خواہاں ہے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت قوم کے روشن مستقبل کیلئے کام کررہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ پاکستان میں روز بروز جمہوریت مستحکم ہورہی ہے ۔چین پاکستان اقتصادی راہداری پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان خطے اور دنیا بھر کے ممالک کے درمیان رابطے کے فروغ کیلئے کام کررہا ہے ۔