پاکستان اور افغانستان کا امن و استحکام پر بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق
2018-02-04 16:08:35
کابل (آئی این پی ) پاکستان اور افغانستان نے امن واستحکام کا مشترکہ لائحہ عمل وضع کرنے کیلئے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔یہ بات کابل میں امن اور سا لمیت کیلئے پاکستان افغانستان ایکشن پلان کے بارے میں اعلی سطح کے مذاکرات کے بعد ایک مشترکہ پریس ریلیز میں کہی گئی ہے۔اعلی سول اور فوجی عہدیداروں پر مشتمل پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ جبکہ افغان وفد کی سربراہی افغانستان کے نائب وزیرخارجہ حکمت خلیل کرزئی نے کی۔بیان میں کہا گیا کہ اجلاس خوشگوار ماحول میں ہوا اور فریقین کے درمیان مشترکہ لائحہ عمل کے معاملے پر کچھ پیش رفت ہوئی ہے تاہم مجوزہ معاہدے کے اہم پہلوئوں پر اتفاق رائے ہونا ابھی باقی ہے۔