پاکستان اوراردن کا مختلف شعبوں میں دوطرفہ تجارت کے فروغ پراتفاق
اسلام آباد (آئی این پی ) پاکستان اور اردن نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعلقات کے فروغ پراتفاق کیاہے۔یہ اتفاق رائے اسلام آباد میں پاکستان کے وزیراعظم شاہدخاقان عباسی اوراردن کے شاہ عبداللہ ثانی کے درمیان ملاقات میں ہوا۔دونوں رہنمائوں کے درمیان معاونین کے بغیر ملاقات کے بعدوفود کی سطح پر بات چیت ہوئی جس میں مجموعی دوطرفہ تعلقات اورمختلف شعبوں میں موجودہ تعلقات کے مزید فروغ کے طریقوں پرتبادلہ خیال کیاگیا۔فریقین نے علاقائی صورتحال خصوصا امریکہ کی جانب سے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کئے جانے کے بعد مشرق وسطی کی موجودہ صورتحال کابھی جائزہ لیا۔پاکستانی وزیراعظم نے فلسطینیوں کے نصب العین کیلئے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کااظہار کیا اور امریکی سفارتخانہ یروشلم منتقل کرنے کے فیصلے کو مسترد کرنے سے متعلق پاکستان کے موقف کااعادہ کیا۔شاہدخاقان عباسی نے مہمان شخصیت کو کنٹرول لائن کی موجودہ صورتحال اور انسداددہشتگردی کے بارے میں پاکستان کی کوششوں اور علاقائی امن واستحکام سے متعلق اس کے عزم سے آگاہ کیا۔