ممتاز قانون دان و انسانی حقوق کی علمبردار عاصمہ جہانگیر 66 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں
لاہور (آئی این پی )پاکستان کے معروف اور سینئر وکیل و قانون دان عاصمہ جہانگیر دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئیں۔ تفصیلات کے مطابق معروف قانون دان اور انسانی حقوق کی علمبردار عاصمہ جہانگیر 66 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔عاصمہ جہانگیر کو گزشتہ رات طبیعت خراب ہونے پر فیروز پور روڈ پر واقع اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے انہیں بچانے کی بھرپور کوشش کی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکیں اور خالق حقیقی سے جا ملیں۔ عاصمہ جہانگیر 27 جنوری 1952 کو لاہور میں پیدا ہوئی ۔66 سالہ عاصمہ جہانگیر ناصرف سپریم کورٹ بار کی سابق صدر تھیں بلکہ معروف قانون دان ہونے کے علاوہ انسانی حقوق کے حوالے سے بھی وہ بہت بڑا نام تھیں۔ 66 سالہ عاصمہ جہانگیرانسانی حقوق کی علمبردار اور سماجی کارکن بھی تھیں۔ صدر مملکت ممنون حسین' وزیراعظم شاہد خاقان عباسی' چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار' مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف' وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف' وزیراطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب' تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان' معروف قانون دان اعتزاز احسن' پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری' شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور دیگر شخصیات نے عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔