قومی اسمبلی نے وفاقی دارالحکومت میں بچوں کے حقوق کے تحفظ کا بل متفقہ طور پر منظور کرلیا پاکستانی

2018-02-14 19:44:18
شیئر
شیئر Close
Messenger Messenger Pinterest LinkedIn

اسلام آباد (آئی این پی)پاکستان کی قومی اسمبلی میں وفاقی دارالحکومت میں بچوں کے حقوق کے تحفظ کا بل متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا،بل کے تحت بچوں کے حقوق کے تحفظ اور لاوارث بچوں کی بہتر نگہداشت  کیلئے  مشاورتی بورڈ تشکیل دیا جائے گا،بورڈ سالانہ رپورٹ حکومت کو پیش کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وفاقی وزیر انسانی حقوق ممتاز احمد تارڑ نے اسلام آباد میں بچوں کے حقوق کے تحفظ اور نگہداشت کیلئے بل (علاقہ دارالحکومت اسلام آباد تحفظ اطفال بل 2018)پیش کیا۔ڈپٹی اسپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے رائے شماری کے بعد بل کو متفقہ طور پر منظور کرلیا، بل کے تحت اسلام آباد کی حدود میں بچوں کے حقوق کے تحفظ اور لاوارث بچوں کی بہتر نگہداشت کیلئے بورڈ تشکیل دیا جائے گا، بورڈ کا چیئرمین وفاقی وزیر انسانی حقوق ہو گا جبکہ بورڈ کے دیگر ارکان میں سیکرٹری وزارت انسانی حقوق ، سیکرٹری کیڈ، سیکرٹری وزارت قانون، سیکرٹری داخلہ، آئی جی اسلام آباد، انسانی حقوق کمیشن کا ایک نمائندہ ،قومی کمیشن برائے خواتین کا ایک نمائندہ، میئر اسلام آباد،قومی اسمبلی کا ایک رکن جس کو وزیراعظم نامزد کرے گا،اقلیتوں کاایک رکن، اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کا ایک نمائندہ  بچوں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے کام کرنے والی این جی اوز کا ایک نمائندہ، ماہر نفسیات بورڈ میں شامل ہوں گے۔ بورڈ کی مدت 3سال ہو گی،بورڈ اپنی سالانہ رپورٹ حکومت اور پارلیمنٹ کو پیش کرے گا۔

شیئر

Related stories