پاکستان کینیڈا کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں
اوٹاوا (آئی این پی)پاکستانی وفاقی وزیر تجارت پرویز ملک نے کہاہے کہ پاکستان کینیڈا کے ساتھ مارکیٹ تک رسائی ' کاروباری وفود اور دونوں ممالک کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے تبادلوں کے ذریعے تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے ، پاکستان میں سکیورٹی کی بہتر صورتحال کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہورہی ہے ، اونٹاریو پاکستانی تارکین وطن پر خصوصی توجہ دیتا ہے اس لئے ہم یہ بات محسوس کرتے ہیں کہ یہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرسکتا ہے ، اونٹاریو متحرک افرادی قوت اور متحرک کاروباری برادری کا گھر ہے اور پاکستان صوبہ اونٹاریو کے ساتھ مضبوط اور مستحکم تجارتی تعلقات کو فروغ دینا چاہتاہے جبکہ وفاقی وزیر تجارت پرویز ملک اور کینیڈا کے صوبہ اونٹاریو کے وزیر برائے بین الاقوامی تجارت مائیکل شون کے درمیان پاکستان اور کینیڈا کے درمیان کاروباری شخصیات سے کاروباری شخصیات تک رابطے بڑھانے پراتفاق کیاگیا ۔ جمعرات کو وفاقی وزیر تجارت پرویز ملک نے کینیڈا کے صوبہ اونٹاریو کے وزیر برائے بین الاقوامی تجارت مائیکل شون سے ملاقات کی اور ان سے پاکستان اور صوبہ اونٹاریو کے درمیان تجارتی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا' وفاقی وزیر نے اونٹاریو کے وزیر بین الاقوامی تجارت کو ملک میں موجودہ حکومت کی طرف سے کی جانے والی اقتصادی اصلاحات کے نتیجے میں معاشی ترقی کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے پاکستان میں دستیاب تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔ وزیر تجارت پرویز ملک نے مائیکل شون کو بتایا کہ انہوں نے کینیڈا کے وفاقی وزراء بشمول وزیربین الاقوامی تجارت فرانکوئس فلپ سے ملاقاتیں کیں۔ پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان کینیڈا کے ساتھ مارکیٹ تک رسائی ' کاروباری وفود اور دونوں ممالک کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے تبادلوں کے ذریعے تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سکیورٹی کی بہتر صورتحال کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اونٹاریو پاکستانی تارکین وطن پر خصوصی توجہ دیتا ہے اس لئے ہم یہ بات محسوس کرتے ہیں کہ یہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ پرویز ملک نے کہا کہ اونٹاریو متحرک افرادی قوت اور متحرک کاروباری برادری کا گھر ہے اور پاکستان صوبہ اونٹاریو کے ساتھ مضبوط اور مستحکم تجارتی تعلقات کو فروغ دینا چاہے گا۔ جبکہ اونٹاریو کے وزیر بین الاقوامی تجارت مائیکل شون نے پاکستانی برادری کی جانب سے گریٹر ٹورنٹو ایریا کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کو سراہا اور کہا کہ صوبائی حکومت پاکستانی کاروباری شخصیات اور طلباء کے یہاں آنے کی حوصلہ افزائی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ غیر ملکی سرمایہ کاروں اور بین الاقوامی طلباء کا خیر مقدم کیا ہے۔ مائیکل شون نے وفاقی وزیر تجارت کو بتایا کہ کینیڈا تجارت کرنے والی قوم ہے اور صوبہ اونٹاریو زیادہ تر بین الاقوامی تجارت پر انحصار کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا اپنی تجارتی پیداوار کو وسعت دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ' صحت اور آئی سی ٹی باہمی تعاون کے شعبے ہیں۔ مائیکل شون نے وفاقی وزیر تجارت کی اس تجویز سے اتفاق کیا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان کاروباری شخصیات سے کاروباری شخصیات تک رابطے بڑھانے کی اشد ضرورت ہے جس سے تجارت کا حجم بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات محسوس کی گئی کہ کاروباری وفود کے تبادلے ' تجارتی رکاوٹوں کو دور کرنے میں معاون ثابت ہونگے۔