پاکستان میں دہشتگردوں کے خفیہ ٹھکانے موجود نہیں،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ
میونح(آئی این پی ) پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان سے دہشت گردی کا خاتمہ کر دیا گیا ہے اور ہماری سرزمین پر دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے موجود نہیں ہیں۔انہوں نے جرمنی میں میونخ سیکورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے القاعدہ، تحریک طالبان پاکستان اور عسکریت پسندوں کے دوسرے کالعدم گروپوں کو شکست دی ہے اور آج پاکستانی سرزمین پر عسکریت پسندوں کا کوئی ٹھکانہ موجود نہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ناصرف دہشتگردوں کیخلاف فوجی کارروائیاں کررہا ہے بلکہ اس نے انہیں مالی معاونت فراہم کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائیاں کی ہیں۔جنرل باجوہ نے کہا کہ پوری قوم نے دہشتگردی کیخلاف جنگ مشترکہ کوششوں سے لڑی ہے اور تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام نے مذہب کے نام پر دہشتگردی کے خلاف فتوی جاری کیا ہے۔بری فوج کے سربراہ نے افغانستان میں دہشتگردوں کی موجودگی پرتحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اپنی افغانستان سے ملحقہ سرحد پر باڑ لگائی ہے اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے عالمی تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں دہشتگردوں کی پناہ گاہیں موجود ہیں جہاں سے پاکستان کے خلاف حملے کئے جارہے ہیں انہوں نے کہا کہ افغانستان میں عسکریت پسندوں کے گروپ داعش کی دوبارہ گروپ بندی کی اطلاعات ملی ہیں۔بری فوج کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن اور استحکام کی خاطرتعاون کیلئے تیار ہے انہوں نے دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے تمام ملکوں پر مشترکہ کوششیں کرنے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی اتفاق رائے کے لئے پوری طرح پر عزم ہے کہ سیاسی مصالحت ہی افغان مسئلے کا واحد حل ہے۔قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان تیس لاکھ افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کررہا ہے اور اب ان پناہ گزنیوں کو انکے وطن واپس بھیجنے کا وقت آگیا ہے۔