امریکہ کیساتھ تعلقات باہمی اعتماد پر ہی پروان چڑھ سکتے ہیں، پاکستان
اسلام آباد (آ ئی این پی ) پاکستان نے کہا ہے کہ ایک طویل المدتی شراکت داری کے باوجود امریکہ پاکستان سے فاصلے بڑھا رہاہے۔ اسلام آباد میں ہفتہ وار نیو ز بریفنگ کے دوران دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے حالیہ امریکی انٹیلی جنس رپورٹس پر حیرانگی کااظہار کیا کہ پاکستان امریکہ سے دورہورہا ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ امریکہ نے حال ہی میں کئی ایسے اقدامات کئے ہیں جس سے دونوں ملکوں کے مابین تعلقات متاثر ہوتے ہیں یہ امریکہ پر منحصر ہے کہ وہ اعتماد بحال کرے۔ترجمان نے کہاکہ پاکستان نے دوٹوک الفاظ میں امریکہ سے کہا ہے کہ یہ تعلقات باہمی اعتماد اور احترام کے ماحول میں آگے بڑھ سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم کچھ مشترکہ اہداف کی نشاندہی کرکے ان تعلقات کو آگے لے جانا چاہتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان کو مالیاتی ایکشن ٹاسک فورس میں امریکہ اور برطانیہ کی طرف سے گرے لسٹ میں شامل کرنے کی تحریک پیش کرنے پر شدید تحفظات ہیں۔انہوں نے کہا کہ رقوم کی غیر قانونی منتقلی اور دہشت گردی کے لئے مالی معاونت سے متعلق ہم نے امریکہ کے زیادہ تر تحفظات کو2015 میں دور کیا تھا جب پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکالا گیا تھا۔ترجمان نے کہا کہ دہشت گردوں کو مالی معاونت فراہم کرنے والے ملکوں کی فہرست سے پاکستان کا نام نکالنا دراصل ملک کے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی سے نمٹنے کے مضبوط نظام کا اعتراف ہے جو عالمی معیارات سے ہم آہنگ ہے۔