دہشت گردوں کی مالی معاونت کی روک تھام کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں ، پاکستان
2018-03-01 16:30:18
اسلام آباد (آئی این پی ) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان اورا مریکہ آگے بڑھنے اور تعاون جاری رکھنے کیلئے مشترکہ مواقع تلاش کرنے کے خواہاں ہیں۔اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران سوالوں کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ امریکی قومی سلامتی کونسل کی سینئر ڈائریکٹر لیزاکرٹس کا حالیہ دورہ اس خواہش کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس دورے کے دوران فریقین نے افغانستان میں استحکام کے مشترکہ ہدف کے حصول کے لئے مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کا ہمیشہ یہ موقف رہا ہے کہ افغان تنازعے کا حل افغانوں کی قیادت میں سیاسی مذاکرات میں ہی مضمر ہے۔ انہوں نے کہاکہ 17سال کی فوجی حکمت عملی سے مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہوسکے اور افغان شہریوں کی مشکلات بڑھی ہیں۔