تعلقات کی بحالی امریکا اور پاکستان دونوں کیلئے ضروری، پاکستانی سیکریٹری خار جہ تہمینہ جنجوعہ
واشنگٹن(آئی این پی )پاکستانی سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے پاک امریکا تعلقات کی بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ تعلقات امریکا کے لیے بھی اتنے ہی ضروری ہیں جتنے پاکستان کے لیے، پاکستان اور امریکا کے درمیان اسٹرکچرڈ ڈائیلاگ ضروری ہیں۔
انہوں نے افغانستان کو 5 ورکنگ گروپس کی تجویز دی ہے، یہ ورکنگ گروپ آپریشنل ہوجائیں تو تمام ایشوز پر مستقل بات چیت ہوتی رہے گی،پاکستان اپنی سرزمین سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے، سی پیک ون بیلٹ ون روڈ انیشیٹیو کا حصہ ہے جو کہ خطے کی ترقی کیلئے ناگزیرہے۔
واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ 70سال کے دوران جو بات چیت ہوئی اور جو کام ہوا اسے بحال کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا ہمیں ایک دوسرے کے تحفظات پر بات کرنے کی ضرورت ہے۔سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات طویل المدتی ہیں اور ہمیں امریکا کے ساتھ بات چیت میں تمام ایشوز پر بات کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا امریکا بھی پاکستان کیساتھ بات چیت جاری رکھنا چاہتا ہے ۔تہمینہ جنجوعہ نے مزید کہا کہ پاکستان اور امریکا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کامیاب شراکت دار ہیں اور دونوں ملکوں نے مشترکہ کوششوں سے القاعدہ کا خاتمہ کیا۔اس موقع پر سیکرٹری خارجہ نے افغانستان کے مسئلے پر بھی بات کی اور کہا کہ ہم نے افغانستان کو 5 ورکنگ گروپس کی تجویز دی ہے، یہ ورکنگ گروپ آپریشنل ہوجائیں تو تمام ایشوز پر مستقل بات چیت ہوتی رہے گی۔انہوں نے کہا ورکنگ گروپس تشکیل دیئے تو اس سے بات چیت کا اسٹرکچر بن جائے گا اور ملٹری اور انٹیلی جنس سمیت مختلف شعبوں کی سطح پر بات چیت ہوگی ۔