اقتصادی راہداری کسی ملک کیخلاف نہیں بلکہ تمام اقوام کی امن اور خوشحالی کا منصوبہ ہے ، سرتاج عزیز
اسلام آباد (آئی این پی)پاکستان کے منصوبہ بندی کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کسی ملک کے خلاف نہیں، یہ دنیا میں تمام قوموں کے امن اور خوشحالی کیلئے ہے۔ گزشتہ روز اسلام آباد میں پاکستان کیپٹل انوسٹمنٹ اجلاس اور ایکسپو 2018 سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی پیک محض سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے کا نام نہیں ہے بلکہ یہ دنیا کے تابناک مستقبل کیلئے عوام کے عوام سے روابط کے بارے میں ہے۔سرتاج عزیز نے کہا کہ سی پیک پاکستان کو ایک اقتصادی قوت میں تبدیل کر دے گا جو تمام پاکستانیوں کی خواہش ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک پر عملدرآمد کے اگلے مرحلے میں ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کی بڑے پیمانے پر تعمیر کی جائے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ 2030 تک پاکستان ایک مضبوط اقتصادی قوت بن جائے گا۔منصوبہ بندی کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کو اس بات پر فخر ہے کہ سی پیک چین کے ایک خطہ ایک سڑک منصوبہ کا حصہ ہے۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ حکومت نے موجودہ سال میں چھ فیصد ترقی کی شرح پر پوری توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔