پاکستان کی معیشت بہتراور شرح نمو 6 فیصد تک پہنچ چکی ،وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل
کراچی (آئی این پی) پاکستانی وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ حکومت آئندہ چند روز تک نئی ایمنسٹی سکیم کا اعلان کرے گی۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ کے لئے ہمارے پاس بہترین تجاویز ہیں۔ معیشت میں استحکام سے عوام کا معیار زندگی بہتر ہورہا ہے۔ ملک میں شرح نمو آٹھ سے دس فیصد تک لے کر جانا چاہتے ہیں۔ موجودہ دور حکومت میں محصولات کی شرح وصولی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ ٹیکس نظام کو عوام دوست بنایا گیا ہے۔ پاکستان معدنیات کے وسائل سے مالا مال ہے۔صنعتوں کو گیس اور بجلی مکمل طور پر فراہم کی جارہی ہے۔ پیر کو ورلڈ اسلامک فنانس فورم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے کہا کہ صنعتوں اور چھوٹے کاروبار کے فروغ کے لئے اقدامات کئے ہیں۔ مختلف شعبوں میں اسلامک بینکنگ کو فروغ دیا جارہا ہے۔ مقامی صنعتوں کو بھی اسلامک فنانس کی طرف لارہے ہیں۔