یوم پاکستان کے حوالے سے بیجنگ میں استقبالیے کا انعقاد
بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے اٹھترویں یوم پاکستان اور پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے سڑسٹھویں سال کی مناسبت سے ایک استقبالیے کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں شخصیات ، سفارتی اہلکاروں ، میڈیا کے نمائندوں اور اہم چینی شخصیات نے شرکت کی۔ چین کے وزیر زراعت و دیہی امور ہان چینگ فو تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ یوم پاکستان ہر سال تیئیس مارچ کو ملک کے بانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے اعلیٰ رہنماوں کی کاوشوں کی بدولت فریقین کے درمیان دوستانہ تعلقات باہمی مفاد اور مشترکہ خوشحالی کی بنیاد پر مضبوط سیاسی اور اقتصادی تعلقات میں تبدیل ہوئے ہیں۔
تقریب کے مہمان خصوصی ہان چینگ فو نے چینی حکومت کی جانب سے اٹھترویں یوم پاکستان کے حوالے سے مبارکباد دی۔انہوں نے صرف پاکستان کو چین کا چاروں موسموں کا دوست اور تزویراتی شراکت دار قرار دیا اور کہا کہ چین ، چین۔پاک تعلقات کو ترجیح دینے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔جناب ہان نے نہ صرف اقوام متحدہ ، او آئی سی اور دیگر کثیر الجہتی تنظیموں میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا بلکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی جانب سے دی جانے والی قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔