اسلام آباد یونائیٹڈ نے پاکستان سپر لیگ کاتیسراایڈیشن جیت لیا
کراچی (آئی این پی ) کراچی میں پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں اسلام آبادیونائیٹڈ نے پشاورزلمی کو تین وکٹوں سے ہراکر پاکستان سپر لیگ کاتیسراایڈیشن جیت لیا۔ گزشتہ رات پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاورزلمی نے مقررہ بیس اوورز میں نووکٹوں کے نقصان 149رنزکاہدف دیا۔جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے مطلوبہ ہدف سات وکٹوں کے نقصان پر 16.5 اوورز میں حاصل کرلیا۔لیوک رونکی کو، جنہوں نے 26گیندوں پر52رنزبنائے میچ کے بہترین کھلاڑی قرارپائے انہیں سیریز کابہترین کھلاڑی بھی قراردیاگیا۔بعدمیں نیشنل سٹیڈیم کراچی میں اعزازات تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔سندھ کے گورنر محمدزبیر، خیبرپختونخوا کے گورنرظفراقبال جھگڑا،سندھ کے وزیراعلی مرادعلی شاہ، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے دوسری شخصیات کے ہمراہ کامیاب اوردوسرے نمبر پرآنیوالی ٹیموں کے کپتانوں اورکھلاڑیوں کونقدانعام ،تمغے اور ٹرافی دی۔
پاکستانی صدرممنون حسین، وزیراعظم شاہدخاقان عباسی اوراطلاعات کی وزیرمملکت مریم اورنگزیب نے کراچی میں پی ایس ایل تھری کے فائنل کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ نجم سیٹھی ،بورڈ کے تمام عملے ،کھلاڑیوں اور قوم کو مبارکباد دی ہے۔صدرنے اپنے تہنیتی پیغام میں کہاکہ فائنل کے کامیاب انعقاد نے ثابت کردیا ہے کہ پاکستانی قوم نے دہشت گردی اور انتہاپسندی کو شکست دی ہے اور پاکستان امن پسند اور جمہوری ملک ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں کھیلوں کی واپسی کے بعد نوجوا ن ملک اور خطے میں خوشحالی، امن اوربھائی چارے کوفروغ دیں گے۔