افغانستان میں قیام امن کیلیے طالبان کو مذاکرات کی پیشکش
کابل (آئی این پی )پاکستانی وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے افغانستان میں قیام امن کے لیے طالبان کو مذاکرات کی پیشکش اور مفاہمتی عمل سے متعلق افغان صدر کے ویژن کو سراہا۔ گزشتہ روز کابل میں ہونے والی ملاقات میں افغان صدر اشرف غنی اور وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے طالبان پر زور دیا کہ امن کے قیام کے لیے وہ کسی تاخیر کے بغیر مذاکراتی عمل میں شامل ہوں۔ دونوں رہنماوں نے دو طرفہ اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ اقتصادی کمیشن کا اجلاس جلد بلانے ، وسطی ایشیائی ریاستوں تک رسائی اور توانائی کے منصوبوں کی جلد تکمیل کے حوالے سے بھی منصوبہ بندی پر اتفاق کیا۔ترجمان کے مطابق ملاقات میں شمن قندھار ریلوے لائن، پشاور کابل موٹر وے کے حوالے سے امور بھی زیر غور آئے، دونوں رہنماوں نے چارملکی گیس پائپ لائن تاپی اور بجلی کی فراہمی کے منصوبے کاسا ایک ہزار کی جلد تکمیل پر بھی زور دیا۔