پاکستان کی شرح نمو13 سال کی بلند ترین سطح 5.8 فیصد رہی،احسن اقبال
اسلام آباد (آئی یان پی ) پاکستان کے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ بلند شرح نمو اور بڑے پیمانے پر اقتصادی استحکام کے مقاصد کے حصول کیلئے معیشت کی بحالی کے ایک جامع پروگرام پر کامیاب عملدرآمد کی بدولت گزشتہ پانچ سال کے دوران پاکستان نے شاندار اقتصادی ترقی کی ہے ۔انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں اقتصادی سروے 2017-18 کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔منصوبہ بندی کے وزیر نے کہاکہ گزشتہ کئی سال میں اعلی تعلیم کے فروغ، افراط زر کی کم شرح، فعال مالیاتی پالیسی اور چین پاکستان اقتصادی راہداری سے متعلق سرمایہ کاری سمیت ترقی پرمبنی اقدامات سے معیشت نے مسلسل ترقی کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے موجودہ مالی سال کے دوران پانچ اعشاریہ آٹھ فیصد کی شرح نمو حاصل کی جو زراعت ، صنعت اور خدمات کے شعبوں میں بہترین کارکردگی کے تناظر میں گزشتہ 13 سال کے دوران سب سے زیادہ شرح ہے ۔گزشتہ پانچ سال کے دوران حکومت کی کارکردگی کے مجموعی جائزے کی تفصیل دیتے ہوئے منصوبہ بندی کے وزیر نے کہاکہ حکومت نے بجلی کی کمی ، اقتصادی بحران اور دہشت گردی کے مسائل پر کامیابی سے قابو پالیا ہے۔احسن اقبال نے کہاکہ حکومت نے گزشتہ چار سال کے دوران قومی گرڈ میں 11 ہزار میگاواٹ بجلی شامل کی جس سے توانائی بحران پر قابو پانے میں مدد ملی۔انہوں نے کہاکہ 2025 تک پندرہ ہزار میگاواٹ اضافی بجلی پیدا کرنے کیلئے مزید سرمایہ کاری کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ ایک ہزار سات سوپچاس کلومیٹر طویل موٹر ویز نے پاکستان کو جنوبی ایشیا میں سب سے بڑے بنیادی ڈھانچے والی معیشت بنادیا ہے ۔