افغانستان میں بم دھماکوں پر پاکستان کی طرف سے شدید مذمت
پاکستان نے پیر کے روز افغانستان کے دارالحکومت کابل میں دو خود کش حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جن کے نتیجے میں کئی بے گناہ افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ۔ افغان حکام نے بتایا کہ پیر کی صبح کا بل کے مرکز میں سفارت خانوں کے علاقے میں ہونے والے دو خودکش بم دھماکوں کے نتیجے میں 29 افراد جاں بحق اور چالیس سے زائد زخمی ہوئے. ہلاک ہونے والوں میں کم سے کم آٹھ صحافی بھی شامل تھے جو پہلے بم دھماکے کے بعد جائے وقوعہ پر کوریج کی غرض سے پہنچے تھے۔داعش نے کابل حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے .پاکستانی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا کہ ہم ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں کے ساتھ گہری ہمدردی اور دکھ کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد بحالی کے لیے دعا گو ہیں ۔ پاکستانی حکومت اور پاکستان کے عوام دکھ کی اس گھڑی میں اپنے افغان بھائیوں کے ساتھ گہری ہمدردی ، حمایت اور یک جہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ "ہمیں یقین ہے کہ بہادر افغان عوام کے دہشت گردی کو شکست دینے کے عزم کو اس طرح کےبزدلانہ حملوں سے کمزور نہیں کیا جا سکتا."وزارت خارجہ نے کہا کہ پاکستان کسی بھی قسم کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتا ہے اور اسکے مکمل خاتمے تک اسکے خلاف لڑنے کے لیے تیار ہے ۔