پاکستان غیرملکی سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش مقام بن گیا ہے،وزیراعظم
اسلام آباد (آئی این پی ) پاکستانی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مختلف مسائل پر قابو پانے کے بعد اب پاکستان غیرملکی سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش ملک بن کر ابھر رہا ہے۔ گزشتہ روز اسلام آباد میں ابھرتا ہوا پاکستان کے موضوع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور خطے کے لئے روابط میں سہولتیں بھی فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد وسطی ایشیا، افغانستان، مغربی چین اور خطے کے دیگر ملکوں کو سمندر اور عالمی منڈیوں تک بڑے پیمانے پر رسائی فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی، اقتصادی مسائل اور علاقائی مسائل سے موثر طریقے سے نمٹ کر کامیابی حاصل کی گئی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان راہداری ملک کو انتہائی مطلوب بنیادی ڈھانچہ فراہم کر رہی ہے اور بجلی گیس اور روزمرہ استعمال کی دیگر اشیا کی کمی اب ماضی کا حصہ بن چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار بڑے پیمانے پر انکم ٹیکس اصلاحات کی گئی ہیں جس سے سرمایہ کاروں اور تاجروں کو پیداوار بڑھانے اور روزگار پیدا کرنے کے لئے آگے بڑھنے کا موقع ملے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے یہ بات قابل اعزاز ہے کہ پاکستان عالمی کپ 2014 کی طرح فیفاورلڈکپ 2018 کے لئے بھی Telstar۔ 18 فٹ بال فراہم کرے گا۔ اس سے دنیا میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہو گا۔