پاکستان میں امریکی سفارت کاروں کی سرگرمیاں محدود کرنا جوابی اقدام ہے، وزیر خارجہ خرم دستگیرخان
اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان کے وزیر خارجہ خرم دستگیرخان نے کہاہے کہ پاکستان نے پختہ عزم کے ساتھ اپنی سرزمین سے دہشت گردی کاخاتمہ کردیا ہے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے دہشت گردوں کے خلاف جنگ لڑرہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہماری مسلح افواج نے شمالی وزیرستان سے دہشت گردی کا کامیابی سے خاتمہ کرکے علاقے سے دہشت گردوں کے تمام ٹھکانے تباہ کردیئے ہیں اور اب یہ ایک پرامن مقام ہے۔انہوں نے کہاکہ امریکہ کی طرف سے دھمکیوں کے باوجود پاکستان اس کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرنے کاخواہاں ہے۔انہوں نے کہاکہ امریکہ مختلف حربے استعمال کرکے پاکستان پردبائو ڈالنا چاہتاہے۔خرم دستگیر نے کہاکہ پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات مضبوط ہورہے ہیں اور دونوں ملکوں نے ایک دفاعی معاہدے پردستخط کئے ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں امریکی سفارت کاروں کی سرگرمیاں محدود کرنا جوابی اقدام ہے۔ پاکستانی سفارت کاروں پر امریکی پابندیاں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اسلام آباد پر دبا ڈالنے کی پالیسی کا حصہ ہیں۔ پاکستان اور امریکا کے درمیان اس وقت ورکنگ سطح پر بات چیت نہیں ہو رہی جس کی وجہ سے یہ تنا و پیدا ہوا ہے۔