دہشتگردی کوکسی مذہب ملک یاقومیت سے نہیں جوڑاجاناچاہیے،سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ
اسلام آباد (آئی این پی ) سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاکستان خطے سے دہشت گردی کی عفریت کے موثر طورپر خاتمے کے لئے شنگھائی تعاون تنظیم کی چھتری تلے علاقائی ملکوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔ وہ اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے انسداد دہشت گردی کے علاقائی ڈھانچے کے قانونی ماہرین کے گروپ کے اجلاس سے افتتاحی خطاب کررہی تھیں۔ سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو خطے اور دنیا کودہشت گردی، علیحدگی پسندی اورانتہاپسندی سے در پیش خطرات کا ادراک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے ہزاروں شہریوں اورقانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی قربانیاں دی ہیں اور 120 ارب ڈالر کابھاری معاشی نقصان برداشت کیا۔ انہوں نے کہا کہ انسانی اور معاشی نقصانات دہشت گردی سے نمٹنے کے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے۔ تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ ہماری انتہا پسندی کی قومی پالیسی کا محور قانون کی حکمرانی، خدمات کی فراہمی، شہریوں سیرابطے، ذرائع ابلاغ سے رابطے ،مربوط تعلیمی اصلاحات، دہشت گردی کا خاتمہ ،اصلاح،بحالی اور معاشرتی دھارے میں لانا ہے۔سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اتفاق رائے کی حمایت کرتا ہے۔ ہمیں عالمی قانون اقوام متحدہ کے منشور کے آداب و اصولوں کی پاسداری کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو کسی مذہب،ملک یا قومیت سےنہیں جوڑا جاسکتا اور نہ ہی جوڑناچاہیے۔