ٹرمپ کو کم جونگ ان کا ایک اور خط موصول
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نو تاریخ کو بتایاکہ انہیں آٹھ تاریخ کو شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کی طرف سے ایک خط موصول ہوا ہے۔ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ انہیں یقین ہے کہ دونوں کی دوبارہ ملاقات ہوگی۔
ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا کو بتایا کہ "تین صفحوں پر مشتمل" خط ایک "اچھا" اور "انتہائی مثبت" خط ہے۔ تاہم ، انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کِم جونگ ان نے امریکہ اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقوں پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ وہ مستقبل میں کم جونگ ان سے دوبارہ ملاقات کریں گے ، لیکن انہوں نے اس ملاقات کے ممکنہ وقت اور جگہ کا ذکر نہیں کیا۔
یاد رہے کہ پچھلے سال جون سے لے کر رواں سال جون تک ، ٹرمپ اور کم جونگ ان نے سنگاپور ، ہنوئی اور پانمونجوم میں تین ملاقاتیں کیں ہیں۔ رواں سال 30 جون کو ٹرمپ نے کم جونگ ان سے پانمونجوم میں ملاقات کے بعد میڈیا کو بتایا تھا کہ امریکہ اور ڈی پی آر کے اگلے دو یا تین ہفتوں میں ورکنگ مشاورت کا آغاز کریں گے۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے سات تاریخ کوبتایاکہ وہ اگلے چند ہفتوں میں ایک بار پھر ڈی پی آر کے سے بات چیت اور مشاورت کے منتظر ہیں۔