افغانستان شادی کی تقریب میں بم دھماکہ 63 افراد ہلاک
2019-08-18 15:18:07
افغان دارالحکومت کابل کے مغربی علاقے میں شادی کی تقریب میں ہونے والے بم دھماکے میں 63 افراد ہلاک اور 180 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ یہ دھماکہ سترہ اگست کو رات گئے ہوا۔ کابل پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب شادی کی تقریب جاری تھی اور شادی ہال مہمانوں سے بھرا ہوا تھا۔دوسری جانب افغان طالبان نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے خودکش حملے کی مذمت کی ہے۔تاحال کسی تنظیم یا شخص نے اس بم دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
حالیہ دنوں کابل میں متعدد بم دھماکے ہوئے ہیں۔ سات اگست کو کابل کے ایک پولیس بیورو کے باہر گاڑی میں نصب بارودی مواد کے دھماکے میں چودہ افراد ہلاک اور ایک سو پینتالیس افراد زخمی ہوگئے تھے۔