امریکی اور بھارتی رہنماوں کے درمیان علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال
امریکی وائٹ ہاؤس نے 19 تاریخ کو کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسی دن بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ٹیلیفون پر علاقائی صورتحال کے بارے میں بات چیت کی۔
وائٹ ہاؤس نے اسی روز ایک بیان میں کہا کہ ٹرمپ نے موجودہ تناؤ کو کم کرنے اور علاقائی امن کو برقرار رکھنے میں ہندوستان اور پاکستان کی اہمیت کے بارے میں بات کی۔
وائٹ ہاؤس کےاس سے پہلے جاری ہونے والے ایک اور بیان کے مطابق ، ٹرمپ نے 16 تاریخ کو پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کو ٹیلی فون کیا اور دونوں فریقوں نے ہندوستان اور پاکستان کے مابین موجودہ تناؤ پر تبادلہ خیال کیا۔
یاد رہے کہ رواں ماہ کی 5 تاریخ کو ، بھارتی حکومت نے آئین کے آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنے اور آئین میں بھارت کے زیرانتظام کشمیر کو دی جانے والی خصوصی حیثیت کے خاتمے کا اعلان کیا۔ پاکستان نے بھارت کے اس اقدام کی شدید مذمت اور مخالفت کی اور دوطرفہ تجارت کو بند کرنے اور بھارت کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات کے درجے کو کم کرنے کا فیصلہ کیا۔
اسی کے ساتھ ہی ، کشمیر کی صورتحال بدستور کشیدہ ہے ، اور بھارت اور پاکستان کی افواج نے کئی مرتبہ کشمیر کے کنٹرول لائن پر فائرنگ کا تبادلہ کیا ہے۔