ماونٹ ایورسٹ پر ڈسپوز ایبل پلاسٹک کی مصنوعات کے استعمال پر پابندی :نیپال
2019-08-26 14:09:57
نیپال کی حکومت نے ماونٹ ایورسٹ اور اس کی جانب جانے والے راستوں پر ڈسپوزایبل پلاسٹک کی مصنوعات کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔ نیپال کی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد علاقے میں اکھٹے ہونے والے کوڑے کی مقدار پر قابو پانا ہے۔ اس پابندی کا اطلاق ماونٹ ایورسٹ کو سر کرنے کے لئے آنے والے کوہ پیماؤ ں اور علاقے میں سیاحت کے لئے آنے والوں پر ہوگا۔یہ پابندی اگلے سال جنوری سے نافذ العمل ہوگی۔
اطلاعات کے مطابق ، اس علاقے میں سالانہ پچاس ہزار سے زیادہ سیاح آتے ہیں ، جن میں کوہ پیما اور سیر کے لئے آنے والے شامل ہیں۔ اس سال پہاڑ پر چڑھائی کے ساز گار موسم میں آٹھ سو پچاسی افراد نے اس چوٹی کو سر کیا جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔
نیپال کی حکومت کی زیر قیادت ایورسٹ کی صفائی کے پروگرام میں تاحال دس ٹن سے زیادہ کچرا جمع کیا گیا ہے۔