ایرانی ایٹمی معاہدے میں واپس آنا ایران اور امریکہ کے درمیان بات چیت کی بحالی کی بنیاد ہے : ایرانی صدر
ایرانی صدر حسن روحانی نے منگل کو کہا کہ ایران اور امریکہ اس بنیاد پر بات چیت کا دوبارہ آغاز کریں گے کہ امریکہ ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق جامع معاہدے پر واپس آجائے گا ، اور یہ مذاکرات صرف ایران جوہری معاہدے کے دائرہ کار میں ہی ہوسکتے ہیں۔
ایران کی نیوز ایجنسی نے ستائیس تاریخ کو صدرحسن روحانی کے حوالے سے کہا کہ امریکہ کو ایرانی ایٹمی معاہدے میں واپس آنا ، اپنے غلط راستے کو درست کرنا اور ایران کے جائز حقوق اور مفادات کو تسلیم کرنا ہوگا۔روحانی نے زور دے کر کہا کہ مذاکرات کی "مثبت ترقی کی کلید امریکہ کے پاس ہے"۔ روحانی نے کہا کہ اگر امریکہ ایران کے خلاف موجودہ پابندیوں کو منسوخ نہیں کرتا ہے تو دونوں ممالک کے مابین تعلقات فعال طور پر ترقی نہیں کر سکیں گے۔روحانی کا کہنا تھا کہ ایران کسی بھی ملک کا مقابلہ کرنے کی کوشش نہیں کرتا ، ایران تمام دوست ممالک کے ساتھ تعاون پر تیار ہے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چھبیس تاریخ کو فرانس میں ہونے والی جی سیون سمٹ کے دوران کہا کہ اگر حالات مناسب ہو ں تو وہ فرانس کے صدر کی تجویز کو قبول کرتے ہوئے ایرانی صدر حسن روحانی کے ساتھ ملاقات کریں گے ۔