برطانوی اپوزیشن جماعتوں کا پارلیمان کی کارروائی دوبارہ شروع کرنے کا مطالبہ
برطانیہ میں حزبِ مخالف کی تین مرکزی جماعتوں نےوزیرِاعظم بورس جانسن سےفوری طور پر پارلیمان کی کارروائی دوبارہ شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ برطانیہ کی لیبر پارٹی ، سکاٹش نیشنلسٹ پارٹی اور لبرل ڈیموکریٹس نے مشترکہ طور پر یہ مطالبہ اس وقت کیا کہ جب سکاٹ لینڈ کی اعلی عدالت نے برطانوی وزیرِ اعظم کی جانب سے پارلیمنٹ معطلی کے فیصلے کو غیر قانونی قرار دیا۔ یہ کیس اگلے ہفتے سماعت کے لیے برطانوی عدالتِ عالیہ میں پیش ہوگا ۔
بڑھتے ہوئے احتجاج کے باوجود ، ، ٹین ڈاوننگ کی جانب سےواضح الفاظ میں کہا گیا ہےکہ اگر برطانیہ کی عدالتِ عالیہ پارلیمان کی کارروائی کا حکم دے تب ہی ایسا ہوگا وگرنہ بورس جانسن چودہ اکتوبر سے پہلے کسی بھی صورت پارلیمان کی کارروائی کا آغاز نہیں کریں گے ۔تاہم برطانوی حکومت نے ممبرانِ پارلیمان کے کہنے پر آپریشن ییلو ہیمر پیپرز جاری کیا ہے ، جس میں برطانیہ کے بغیر کسی معاہدے کے یورپی یونین سے علیحدگی کے نتیجے میں ہنگامہ آرائی کے خطرے، اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافے اور ادویات وغیرہ کی ترسیل میں کمی کے خدشے کا اظہار کیا گیا ہے ۔
یاد رہے کہ برطانوی پارلیمان کی حالیہ پانچ ہفتوں کی معطلی منگل دس ستمبر سے شروع ہوئی اور اب پارلیمان کی کارروائی کا دوبارہ آغاز چودہ اکتوبر کو ہوگا ۔