برطانوی وزیر اعظم اور یورپی کمیشن کے صدر "بریگزٹ" سے متعلق بات چیت کریں گے
تیرہ ستمبر کو ترجمان برائے دفترِبرطانوی وزیرِ اعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن سولہ ستمبر کو لگزمبرگ میں یورپی کمیشن کے چیئرمین ژان کلاڈ ژنکرسے "بریگزٹ" کے بارے میں بات چیت کریں گے۔ برطانوی وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ ان کی یورپی کمیشن کے چیئرمین کے ساتھ پہلی ملاقات ہو گی۔
ترجمان کی جانب سے اس ملاقات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا گیا کہ اکتیس اکتوبر "یورپی یونین سے انخلا " کی آخری تاریخ ہے اور اس سے پہلے یہ ملاقات معاہدے کے حصول کے لیے برطانوی حکومت کی طرف سےجاری کوششوں کا ایک حصہ ہے۔ برطانیہ اور یورپی یونین معاہدہ طے کرنے کے لیے بات چیت اور کوشش کر رہے ہیں۔ لیکن اس کے لئے ابھی بھی " بہت طویل سفر طے کرنا ہے۔"
یاد رہے کہ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے بار بار کہا ہے کہ معاہدہ طے پائے یا نہ طے پائے، اکتیس اکتوبر کو برطانیہ "بریگزٹ " پر عمل درآمد کرے گا اور وہ یورپی یونین سے اس مدت میں توسیع کے لیے درخواست نہیں کرے گا ۔ ان کی رائے میں رواں سال اکتوبر میں ہونے والے یورپی یونین کے سربراہی اجلاس سے قبل ہی دونوں فریقین کی طرف سے " بریگزٹ " معاہدے تک پہنچنے کا امکان ہو گا ۔ تاہم ، دونوں فریقین ابھی تک معاہدے کے بنیادی اختلاف یعنی شمالی آئرلینڈ کے سرحدی معاملے پر "بیک اپ بندو بست" کے متبادل طریقہ کار پر متفق نہیں ہو سکے ہیں۔