اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی جانب سے افغانستان میں ہونے والے دو بم دھماکوں کی مذمت
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریز نے سترہ تاریخ کو اپنے ترجمان کے ذریعے ایک بیان جاری کیا ،جس میں اسی دن افغانستان میں ہونے والے دو بم دھماکوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی۔بیان میں افغانستان کے صوبہ پروان اور دارالحکومت کابل میں ہونے والے ان بم دھماکوں کی مذمت کے ساتھ ساتھ ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کے لواحقین، افغان حکومت اور عوام کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیاگیا۔
انتونیو گوتریز نے اس بات پر زور دیا کہ عام شہریوں پر حملہ نا قابل قبول ہے۔ ایسے جرائم کرنے والوں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔
یاد رہے کہ سترہ تاریخ کو افغان صوبے پروان میں ہونے والے ایک بم حملے میں چوبیس افراد ہلاک اور بتیس زخمی ہوئے جب کہ دارالحکومت کابل میں ہونے والے خودکش بم دھماکے میں حملہ آور سمیت بائیس افراد ہلاک اور اڑتیس زخمی ہوئے۔طالبان نے ان دونوں حملوں کی ذمہ داری قبول کر لی۔