افغان فورسز کی تاخار میں کاروائی ، تیرہ عسکریت پسند ہلاک
تین اکتوبر کوافغان فوج کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عسکریت پسندوں کے خلاف جاری آپریشن میں ،شمالی صوبے تاخار کے ضلع بہارک میں افغان فورسز کی کاروائی کے دوران تیرہ عسکریت پسند مارے گئے ہیں۔
عسکریت پسندوں کو علاقے سے مکمل طور پر بے دخل کرنے کی یہ کاروائی بدھ کو افغان فوج کی جانب سےاس وقت شروع کی گئی کہ جب تاخار کے صوبائی دارالحکومت تالقان کے گرد گھیرا تنگ کرنے کے لیے طالبان عسکریت پسندوں نے تالقان کی سرحد سے ملحق ، ضلع بہارک کے کچھ حصوں پر قبضہ کر لیا ۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ نائب وزیرِ دفاع محمد یاسین ضیا کی نگرانی میں ہونے والی ایک اور کاروائی میں بھی نو عسکریت پسند مارے گئے ہیں۔ فوج کی جانب سے جاری کردہ اس بیان میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ جنگی طیاروں کی مدد سے طالبان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا یہ آپریشن تب تک جاری رہے گا جب تک کہ اس شورش زدہ صوبے کو باغیوں سے پاک نہیں کر دیا جاتا۔
خواجہ ، بہارک اور چاہ آب کے اضلاع سمیت صوبہ تاخار کے کچھ علاقوں پر قبضہ کرنے والے طالبان کی جانب سے اس صورتِ حال پر ابھی تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے