شام کی صورتحال پر ،روس اور امریکہ کے وزرا ئے خارجہ کی ٹیلی فونک بات چیت
چھبیس اکتوبر کو روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے ساتھ ٹیلی فونک بات چیت کرتے ہوئے شام کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
روسی وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر جاری کردہ اطلاع کے مطابق سرگئی لاوروف نے چھبیس تاریخ کو مائیک پومپیو کے ساتھ ٹیلی فونک بات چیت میں شام کے اقتدار اعلی اور علاقائی سالمیت کو نقصان پہنچانے والی کارروائیوں سے گریز کرنے پر زور دیا۔فریقین نے دوطرفہ تعلقات سے متعلق معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
نو اکتوبر کو ترک افواج نے شمالی شام میں مسلح کرد وں کے خلاف فوجی کارروائی کا آغاز کیا تو شامی حکومت نے ترک کارروائی کی مذمت کی ۔ سترہ اکتوبر کو ترکی اور امریکہ نے شمالی شام میں عارضی طور پر فائربندی اور سیکورٹی زون کے قیام کےسمجھوتے پر اتفاق کیا۔بائیس اکتوبر کو روس اور ترکی کے صدور نے سوچی میں کی جانے والی بات چیت کے بعد شام میں سکیورٹی زون کے قیام پر اتفاق کیا اور طے ہوا کہ روس مقررہ مدت میں اس علاقے سے مسلح کردوں کو ہٹانے کے لیے مدد فراہم کرے گا۔