شام کی صورتحال پرروس اور فرانس کے صدور کی ٹیلی فونک بات چیت
چھبیس اکتوبر کو روسی صدر ولادیمیر پوٹن اور فرانسیسی صدر ایمینوئیل میکرون نے ٹیلی فونک بات چیت میں شام کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
چھبیس تاریخ کو کریملن پیلس کی ویب سائٹ پہ جاری بیان میں کہا گیا کہ ٹیلی فونک بات چیت میں ولادیمیر پوٹن نے بائیس اکتوبر کو روس اور ترکی کے صدور کے بیچ ہونے والی بات چیت کی تفصیلات سے فرانسیسی صدر کو آگاہ کیا ۔ روسی صدر نے کہا کہ دونوں صدور نے سوچی میں شام کی صورتِ حال سے متعلق ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ اس مفاہمتی یادداشت میں مختلف فرقوں کے مفادات کا احترام ملحوظ رکھا گیا ہے جو شام کے اقتدار اعلی اور علاقائی سالمیت کی بحالی میں مددگار ہوگا۔
فرانسیسی صدر نے روس اور ترکی کی جانب سے اس مفاہمتی یادداشت کی تعریف کی ۔ فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اس مفاہمتی یادداشت میں شامل اقدامات مقامی صورتحال کو مستحکم بنانے کی اچھی بنیاد ہیں جو شام کے بحراں کے حل کے لیے مددگار ثابت ہوں گے ۔
بیان میں فریقین کی جانب سے اس امید کا بھی اظہار کیا گیا کہ تیس اکتوبر کو جینیوا میں منعقد ہونے والا شام کی آئینی کمیٹی کا پہلا اجلاس ،تعمیری اور نتیجہ خیز ہو گا ۔