غیروابستہ تحریک کی اٹھارہویں سمٹ میں کثیرالجہتی کے نظریے کی حمایت پر زور
غیروابستہ تحریک کی اٹھارہویں سمٹ چھبیس اکتوبر کو آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں اختتام پزیر ہوئی۔دو روزہ سمٹ میں باکو اعلامیے کی منظوری دی گئی جس میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ غیروابستہ تحریک کی استعدادکار اور قوتِ حیات کو مزید تقویت دی جائے گی ،کثیرالجہتی کی حمایت کی جائے گی اور علاقائی امن و ترقی کو فروغ دیا جائے گا۔
مختلف رکن ممالک نے ترقی پزیر ممالک کے مفادات کے مشترکہ تحفظ ، مساوی انصاف،اشتراک ،شفاف اور موثر عالمی نظامِ حکمرانی کی تشکیل کے لیے متحد ہونے پر اتفاق کیا ۔
اعلامیے میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ مختلف رکن ممالک اقوام متحدہ کے زیرِ قیادت ،کثیرالجہتی نظام کی حمایت کریں گے ،مختلف ممالک کی علاقائی سالمیت اور اقتدار اعلی اور سیاسی آزادی کا احترام کریں گے نیز دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے ۔ اعلامیے میں دہشت گرد ی پر کاری ضرب لگانے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنے کابھی کہا گیا۔
موجودہ سمٹ میں ایک سو ساٹھ سے زائد ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔آذربائیجان، سن دو ہزار بائیس تک کے لیے تنظیم کا چیئرمین ملک بن چکا ہے۔ غیروابستہ تحریک میں ایک سو بیس رکن ممالک ہیں جن میں بیشتر ایشیا،افریقہ اور لاطینی امریکہ کے ترقی پزیر ممالک ہیں۔چین انیس سو بانوے میں غیروابستہ تحریک کا مبصر ملک بنا تھا۔