امریکہ اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقیں غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی ، امریکی وزیر دفاع
امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر نے 17 تاریخ کو بنکاک میں جاری ایک بیان میں کہا کہ امریکہ نے جنوبی کوریا کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقوں کو غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد شمالی کوریا کے ساتھ "جذبہ خیر سگالی کا اظہار" ہے۔
ایسپر نے آسیان کے وزرائے دفاع کے غیر رسمی اجلاس کے دوران منعقدہ امریکہ اور جنوبی کوریا کی مشترکہ کانفرنس میں مذکورہ خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقوں کو ملتوی کرنا شمالی کوریا کے لئے کوئی مراعات نہیں ہے ، بلکہ اس کا مقصد شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کے خطرے کو ختم کرنے کے لئےسفارت کاری کے دروازے کھولنا ہے۔ امریکہ اور جنوبی کوریا امید کرتے ہیں کہ جزیرہ نما کوریا کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک رکھنے کا عمل کامیاب ہوگا۔ انہوں نے شمالی کوریا پر بھی غیر مشروط طور پر مذاکرات کی میز پر واپس آنے کی اپیل کی۔
کورین سنٹرل نیوز ایجنسی کی 13 تاریخ کی ایک رپورٹ کے مطابق ، شمالی کوریا کی ریاستی کونسل کے ترجمان نے اسی روز ایک خطاب میں مستقبل قریب میں امریکہ اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فضائی تربیت کو شمالی کوریا کے خلاف دشمن مشق قرار دیا۔ ترجمان نے یہ بھی کہا کہ اسی طرح کی کارروائیاں شمالی کوریا اور امریکہ کے مابین ہونے والی اتفاق رائے کی "مکمل نفی" ہیں۔