مصر کی سویز نہر میں جہاز رانی کی 150 ویں سالگرہ
مصر کی سویز کینال اتھارٹی نے 17 تاریخ کو شمال مشرقی مصرکے صوبہ اسماعیلیہ میں نہر سویز میں جہاز رانی کی 150 ویں سالگرہ منانے کے لئے ایک تقریب کا انعقاد کیا۔سوئز کینال اتھارٹی کے چیئرمین اسامہ ربی نے اپنی تقریر میں کہا ہے کہ جہاز رانی کے آغاز کے بعد گزشتہ 150 سال کے دوران، 13 لاکھ سے زائد جہاز سویز نہر سے گزر چکے ہیں ، اس دوران اٹھائیس ارب ساٹھ کروڑ ٹن وزنی ساز و سامان کی نقل و حمل ہوئی اور مصر نے ایک کھرب پینتیس ارب نوے کروڑ امریکی ڈالر کی آمدنی حاصل کی ہے۔ اس وقت ، نہر سویز میں کنٹینرز کی شپنگ دنیا کی کل تعداد کا 24.5فیصد ہے ، اور دنیا کی سمندری تجارت کا 10فیصد حصہ سویز نہر کے ذریعے ہوتا ہے۔
مصر میں واقع ، نہر سویز بحیرہ روم کو بحیرہ احمر سے ملانے والا ایک اہم بین الاقوامی جہاز رانی کا راستہ ہے۔ سویز نہر کی کھدائی فرانسیسیوں کی سرمایہ کاری سے 1859 میں شروع ہوئی تھی۔ اس نہر کو باضابطہ طور پر 17 نومبر 1869 کو کھولا گیا تھا۔ اس دن کو نہر کی جہاز رانی کا دن قرار دیا گیاتھا۔