جاپان روس تعلقات کے راستے میں جاپان -امریکہ فوجی اتحاد ایک "مشکل مسئلہ" ہے،روسی وزیر خارجہ
روسی وزیر خارجہ لاوروف نے 23 تاریخ کو کہا کہ روس اور جاپان کے معاشی تعلقات نے بعض میدانوں میں ترقی کی ہے ، لیکن جاپان اور امریکہ کا فوجی اتحاد روس - جاپان تعلقات کی ترقی میں ایک "مشکل مسئلہ" ہے۔
روسی وزارت خارجہ کی ویب سائٹ کی طرف سے جاری خبر کے مطابق ، لاوروف نے 23 تاریخ کو جاپان کے شہر ناگویا میں جی 20 کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا کو بتایا کہ امریکہ نے اعلان کیا ہے کہ روس امریکہ کیلئے بنیادی خطرہ ہے اور اسی "خطرے اور چیلنج" کے پیش نظر جاپان - امریکہ فوجی اتحاد کی تشکیل کی گئی ہے۔یہ جاپان کے اس دعوے سے متصادم ہے کہ جاپان- امریکہ فوجی اتحاد روس کے خلاف نہِیں ہے۔
لاوروف نے کہا کہ جاپان اور روس کے تعلقات کو فروغ دینے میں نئی توانائی ڈالنے کے راستے میں جاپان امریکہ فوجی اتحاد "ایک مشکل مسئلہ" بن گیا ہے۔ جب سن 1956 میں" روس-جاپان مشترکہ اعلامیہ " آیاتھا ، تو اس وقت سوویت یونین نے کہا تھا کہ اس اعلان پر مکمل عمل درآمد اس وقت ہو گا جب امریکہ جاپان میں اپنی فوجی موجودگی ختم کرے گا۔ حالیہ برسوں میں ، جاپان-امریکہ فوجی اتحاد مستحکم انداز میں آگے بڑھ رہاہے ، جس کی وجہ سے روس اپنی قومی سلامتی کے بارے میں تشویش محسوس کرتا ہے ۔
روس اور جاپان کے مابین اقتصادی تبادلے کے بارے میں ، لاوروف نے کہا کہ روس اور جاپان کےدرمیان معاشی تعلقات بہتر انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جاپان نے روس کو اقتصادی تعاون کے آٹھ منصوبے پیش کئے ہیں۔اور روس نے بھی ترجیحی اقتصادی تعاون کے منصوبوں کی ایک فہرست جاپان کو پیش کی ہے ۔ فریقین ان منصوبوں پر عمل درآمد کے لئے خاطر خواہ اقدامات اٹھائیں گے۔