اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نےاسرائیل کی جانب سے یہودی بستیوں کی تعمیر کو عالمی قانون کی خلاف ورزی قرار دے دیا

2019-11-28 11:32:40
شیئر
شیئر Close
Messenger Messenger Pinterest LinkedIn

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریز نے ستائیس نومبر کو کہا کہ اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ فلسطینی علاقے میں یہودی بستیوں کی تعمیر کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔ یہ عالمی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

فلسطینی عوام کے حقوق کے حوالے سے اقوام متحدہ کی کمیٹی نے اسی روز فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے عالمی دن کی مناسبت سے ایک یادگاری اجلاس کا انعقاد کیا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل دفتر کی سربراہ ماریہ لیواز ری بیریو ویوتی نے انتونیو گوتریز کی نمائندگی کرتے ہوئے اجلاس میں شرکت اور خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ انتونیو گوتریز نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اسرائیل کو یہودی بستیوں کی غیر قانونی تعمیر روکنا چاہیئے اور فلسطینیوں کے مکانات کو مسمار کرنے کا سلسلہ ختم کرنا چاہیئے ۔اس کے علاوہ اسرائیلی شہریوں کے خلاف راکٹس اور مارٹرز داغے جانے کی کارروائیوں کو بھی ختم ہونا چاہیئے۔

اجلاس کے دوران اقوام متحدہ میں فلسطین کے مستقل مبصر منصور نے فلسطینی صدر محمودعباس کا پیغام پڑھ کر سنایا۔ عباس نے غیر قانونی اسرائیلی یہودی بستیوں کی تعمیر کے حوالے سے امریکی حکومت کے حالیہ موقف کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی بیان سے اسرائیل کو فلسطینی زمین پر اپنے قبضے کو مستقل کرنے کی ترغیب دی گئی ہے جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ امریکہ اسرائیل- فلسطین کے معاملے میں ثالثی کا اہل نہیں ہے۔

یاد رہے کہ اٹھارہ نومبر کو امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو نے کہا تھا کہ امریکہ مزید اب یہ نہیں سمجھتا کہ دریائے اردن کے مغربی کنارے پر اسرائیلی یہودی بستیاں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔


شیئر

Related stories