عراقی وزیر اعظم اپنے عہدے سے مستعفی

2019-12-01 16:04:46
شیئر
شیئر Close
Messenger Messenger Pinterest LinkedIn

عراق کے وزیراعظم عادل عبدالمہدی اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔ انہوں نے اپنا استعفی تیس نومبر کو عراقی پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران پیش کیا۔ عراقی پارلیمنٹ نے استعفی پر نظر ثانی کے لئے ایک اہم اجلاس یکم دسمبر کو طلب کر رکھا ہے۔

اس سے قبل تیس نومبر کی صبح عبد المہدی نے کابینہ کے ایک خصوصی اجلاس میں اپنے مستعفی ہونے اور نگران حکومت کے قیام سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے کابینہ کے ارکان سے نئی حکومت کی تشکیل تک کام جاری رکھنے کی اپیل کی۔

واضح رہے کہ عبد المہدی نے 29 نومبر کو بیان دیا تھا کہ وہ عراق کے اعلی مذہبی شیعہ رہنما سیستانی کی اپیل اور مظاہرین کے مطالبات کی روشنی میں اپنا استعفیٰ قومی پارلیمٹ میں پیش کردیں گے۔

عراق میں رواں سال اکتوبر سے ناقص حکومتی کارکردگی، بدعنوانی اور بے روزگاری کے خلاف ملک گیر مظاہرے جاری ہیں۔عراقی صدر صالح نے اکتیس اکتوبر کو اعلان کیا تھا کہ حکام ایک نئے انتخابی قانون پر کام کر رہے ہیں اور الیکشن کمیشن کی تنظیم نو کی جا رہی ہے۔ متعلقہ کام مکمل ہونے کے بعد وہ قومی پارلیمنٹ کے انتخابات کے جلد انعقاد کی منظوری دیں گے۔


شیئر

Related stories