بدعنوانی کے خلاف اقوام متحدہ کے کنونشن پر دستخط کرنے والے ممالک کےاجلاس کا متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں انعقاد
بدعنوانی کے خلاف اقوام متحدہ کے کنونشن میں شامل ممالک کا آٹھواں اجلاس سولہ تاریخ کو متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں انسداد بد عنوانی اور اس کی حوصلہ شکنی پر زور دیا گیا تاکہ اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کی تکمیل کی جا سکے ۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گونتریس نے اجلاس کے نام اپنے خط میں کہا کہ بدعنوانی کے خلاف جنگ میں فتح کے لئے عالمی برادری کو متحد ہونا چاہیئے اور غیر قانونی مالی بہاؤ کی وجہ سے ہونے والے وسائل کے ضیاع کو روکنا چاہیئے ۔
بدعنوانی کے خلاف اقوام متحدہ کے کنونشن میں شامل ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کے ایک ہزار تین سو سے زائد نمائندوں نے اس اجلاس میں شرکت کی ۔ چین کے نائب وزیر خارجہ لو زاو ہوئی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چینی موقف پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ چین میں بد عنوانی کے خلاف جدوجہد میں نمایان کامیابیاں حاصل ہوئیں ۔ چین عالمی سطح پر بد عنوانی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔ چین نے حکمرانی کے جدید نظام اور انتظامی صلاحیت کے فروغ کے لیے نئے اقدامات اختیار کیے ہیں تاکہ ایک موئثر اور پائیدار نظام قائم کیا جائے ۔
یاد رہے کہ بدعنوانی کے خلاف اقوام متحدہ کا کنونشن چودہ دسمبر دو ہزار پانچ سے موثر ہے اور اس پر دستخط کرنے والے ممالک کی تعداد ایک سو چھیاسی ہے ۔