نوجوانوں کے تیسرے عالمی فورم کی اناج کی فراہمی کو یقینی بنانے کی اپیل
نوجوانوں کا تیسرا عالمی فورم 14 سے 17 دسمبر تک مصر کےشہر شرم الشیخ میں منعقد ہوا۔ فورم کے تحت منعقعد ہونے والے ذیلی فورم بعنوان" افریقہ میں پائیدار ترقی اور اناج کی فراہمی کو یقینی بنانا "میں اقوام متحدہ کی فوڈ اینڈ ایگریکلچرل آرگنائزیشن اور کچھ افریقی ممالک کے عہدیداروں نے کہا کہ اناج کی فراہمی کو یقینی بنانےکے موجودہ مسئلے پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی ہے جس سے اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف کی کامیابی پر منفی اثر پڑے گا۔ اس حوالے سےتمام حکومتوں کو بھرپور اقدامات اختیار کرنا چاہئے۔
اقوام متحدہ کے فوڈ اینڈ ایگریکلچرل آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل چھو ڈونگ ایو نے اپنی تقریر میں کہا کہ پچھلے تین سالوں میں عالمی سطح پر بھوک کا شکار ہونے والی آبادی میں مسلسل اضافہ ہوا ہے جو بیاسی کروڑ سے تجاوز کرگئی ہے ، یہ عالمی برادری کو درپیش ایک بڑا چیلنج ہے۔ اگر بروقت اقدامات نہ اٹھائے گئے تو اس بات کا بہت زیادہ خدشہ ہے کہ اقوام متحدہ کے 2030 پائیدار ترقیاتی اہداف پورے نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو زراعت کے شعبے میں تبدیلی کے لئے زیادہ سے زیادہ حصہ لینا چاہیے۔