افغان صدارتی انتخابات کے ابتدائی نتائج کے مطابق موجودہ صدر اشرف غنی کو برتری حاصل
افغانستان کے آزاد انتخابی کمیشن نے اتوار کو اعلان کیا کہ ستمبر میں منعقد ہونے والے صدارتی انتخابات کے ابتدائی نتائج کے مطابق افغانستان کے موجودہ صدر محمد اشرف غنی کو پچاس اعشاریہ چار فیصد کے ساتھ برتری حاصل ہے۔ انتخابات کےنتائج کا جن کا کافی عرصے سے انتظار کیاجارہاتھا اعلان کرتے ہوئے انتخابی کمیشن کی چئیر پرسن ہو ا عالم نورستانی نے کہا کہ اشرف غنی کے بعد سب سے زیادہ انتالیس اعشاریہ پانچ فیصد ووٹ حکومت کے چیف ایگزیکٹیو اور صدارت کیلئےپر امید عبداللہ عبداللہ نے حاصل کیے ہیں۔ افغانستان کے حزب اسلامی کے رہنما گلبدین حکمت یار نے تین اعشاریہ آٹھ فیصد ووٹ حاصل کیے ہیں۔ محترمہ نورستانی نے کہا کہ انتخابات سے متعلق شکایات تین دن کے اندر الیکشن کمیشن کے پاس جمع کروائی جاسکتی ہیں۔
یاد رہے کہ اٹھارہ ستمبر کو منعقد ہونے والے صدارتی انتخابات میں پانچ سالہ مدت کی صدارت کے خواہشمند اٹھارہ میں سے چودہ امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا۔ انتخابات کے نتائج کا اعلان انیس اکتوبر کو ہونا تھا تاہم انتخابات میں بے قائدگیوں کی رپورٹس کے بعد دوبارہ گنتی اور آڈٹ کے بعد تاخیر کا شکار ہوگیا۔ نورستانی نے یہ نہیں بتایا کہ حتمی نتائج کا اعلان کب کیا جائیگا۔ افغان قانون کے مطابق سنجیدہ شکایات کے ازالے تک حتمی نتائج کا اعلان نہیں کیا جاسکتا۔