متنازع شہریت بل: بھارتی ریاست اترپردیش میں ہنگامے
بھارت میں متازع شہریت بل کے خلاف ہنگامے جاری ہیں۔ بھارت کی شمالی ریاست اترپردیش میں صورت حال بہت زیادہ کشیدہ ہے۔ ریاستی حکومت نے مظاہروں میں شریک سینکٹروں لوگوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ اس دوران ساٹھ سے ذائد دوکانیں بھی سربمہر کر دی گئی ہیں۔
مقامی حکومت کے ترجمان کے مطابق پیر تک ان ہنگاموں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 15 تک پہنچ چکی ہے۔ اس کے برعکس مقامی میڈیا نے یہ تعداد پندرہ سے زائد رپورٹ کی ہے۔
بھارتی ریاست اترپردیش کے متعدد شہروں بشمول دارالحکومت لکھنو میں متنازع شہریت بل کے خلاف یہ مظاہرے جمعرات کو شروع ہوئے۔ ان مظاہروں نے جمعہ کے روزشدت اختیار کر لی۔
حکومت کی جانب سے متازع شہریت بل کے حوالے سے بات کرنے یا مظاہرہ کرنے پر عائد کی گئی پابندیوں کا بھی کوئی اثر نہیں ہوا۔
پولیس نے مظاہرین سے نمٹنے کے لئے ہوائی فائرنگ، لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا ہے۔ صورت حال کو معمول پر لانے کے لئے ریاست کے متعدد حصوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے۔