ترک پارلیمان نے لیبیا میں ترک فوجی دستوں کی تعیناتی کی منظوری دے دی
ترک پارلیمان نے دو تاریخ کو ایک ہنگامی اجلاس کے دوران لیبیا میں ترک فوجی دستوں کی تعیناتی کے بل کی منظوری دے دی۔ بل کے مطابق ، لیبیا میں ترک فوج کی تعیناتی کی مدت ایک سال ہو گی جبکہ ترک حکومت کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ فوجی دستوں کی تعداد اور تعیناتی کے حوالے سے وقت کا تعین کرے۔ بل میں کہا گیا ہے کہ لیبیا میں تشویشناک صورتحال سے ترکی کے مفادات کو خطرات لاحق ہیں ۔فوجی دستوں کی تعیناتی سے "غیر قانونی اجتماعی مہاجرت" کے خطرے سے نمٹنے میں مدد ملے گی اور دہشت گرد تنظیموں اور مسلح گروہوں کے لیے موافق صورتحال پیدا نہیں ہو سکے گی۔
یاد رہے کہ ترک صدر اردگان نے حال ہی میں کہا تھا کہ ترک حکومت لیبیا کی قومی اتحادی حکومت کی درخواست پر ترک پارلیمان کی منظوری سے لیبیا میں فوجی دستے تعینات کر سکتی ہے۔ ترک وزارت دفاع کی جانب سے بھی کہا گیا تھا کہ وہ لیبیا میں فوجی دستوں کی تعیناتی کے لیے تیار ہے۔