امریکی حملے میں ایرانی کمانڈر کی ہلاکت، عالمی برادری کی تناؤ کم کرنے کی اپیل

2020-01-04 15:19:38
شیئر
شیئر Close
Messenger Messenger Pinterest LinkedIn

عراقی دارالحکومت بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر بدھ کے روز ایک راکٹ کے حملے میں ایران کی القدس فورس کےکمانڈر قاسم سلیمانی سمیت آٹھ افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ اس تناظر میں بہت سے ممالک نے اسی روز جاری کئے گئے بیانات میں تمام فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ پرسکون رہیں اور تحمل کامظاہرہ کریں نیز کشیدگی میں مزید اضافہ سے بچنے کے لئے اقدامات اختیار کریں۔

فرانسیسی صدارتی محل کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ، فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے مشرق وسطی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کے لئے روسی صدر ولادی میر پوٹن اور ترک صدر رجب طیب ایردوان سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ فرانسیسی اور روسی صدور نے آنے والے دنوں میں قریبی رابطے کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا اور تمام فریقوں سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی۔ فرانسیسی صدر میکرون نےاس بات کا اعادہ کیا کہ فرانس عراق کی خودمختاری اور سلامتی کا احترام کرتا ہے اور علاقائی استحکام کے لئے پرعزم ہے۔ میکرون اور ایردوان نے مشرق وسطی میں بڑھتے ہوئے تناؤ کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا ہے اورخطرناک حالات سے بچنے کے لئے تحمل اور برداشت کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

برطانوی وزیر خارجہ نے بھی فریقین کو تحمل سے کام لینے کی اپیل کی۔

شامی صدر بشار الاسد نے امریکی فوجی حملے میں سلیمانی کی ہلاکت پر ایران کے سپریم رہنما آیت اللہ علی خامنہ ای اور صدر روحانی کو تعزیت کا پیغام بھیجا ، انہوں نے کہا کہ وہ "خطے میں تباہ کن امریکی پالیسی کے خلاف مزاحمت جاری رکھیں گے ،" بشارالاسد نے یہ بھی کہا کہ ان حملوں سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ امریکہ "ہمیشہ سےدہشت گردی ، انتشار پھیلانے اور عدم استحکام کی حمایت کرتا ہے۔"

قطر اور لبنان سمیت خطے کے دیگر ممالک نے بھی تناؤ کم کرنے کے لئے تمام فریقوں سے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ اس واقعے کے بعد سے بغداد میں امریکی سفارت خانے نے قونصلر سروسز معطل کردی ہیں اور امریکی شہریوں سے عراق چھوڑنے کی اپیل کی ہے


شیئر

Related stories