لیبیا کے ایک عسکری کالج پر فضائی حملے میں اٹھائیس افراد ہلاک
چار جنوری کو لیبیا کی قومی اتحاد کی حکومت کی فوج کے بیان کے مطابق لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں واقع ایک ملٹری کالج کوہفتے کی رات فضائی حملے کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں اٹھائیس طلبہ جاں بحق اور اٹھارہ زخمی ہوگئے ۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ لیبیا کی " قومی فوج " کے رہنما حفتر کی حمایت یافتہ " غیر ملکی فضائیہ " نے مذکورہ فضائی حملہ کیا ۔ تاحال لیبیا کی " قومی فوج " کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ۔
یاد رہے کہ سن دو ہزار گیارہ میں قذافی حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد سے لیبیا کی صورتحال غیر یقینی کا شکاررہی ہے۔ اس وقت لیبیا میں دو بڑی عسکری طاقتیں آمنے سامنے ہیں۔ ایک طرف قومی اتحاد کی حکومت اور اس کی حمایت کرنے والی مسلح فوج ملک کے مغرب میں کچھ حصوں کو کنٹرول کر رہی ہے تو دوسری طرف نیشنل کانگریس لیبیا کے ریٹائرڈ جنرل خلیفہ حفتر کی رہنمائی میں کام کرنے والی " قومی فوج " کے ہمراہ مشرقی اور وسطی علاقوں نیز جنوب کے اہم شہروں اور کچھ مغربی شہروں پر کنٹرول کر چکی ہے